جنت کی تلاش از رحیم گل(پڑھنے کے لائق ناول، سفر نامہ۔۔۔ وسیم بن اشرف

رحیم گل مرحوم صاحب ایک معروف ادیب، اور ناقد تھے، ان کے تمام ناول اور افسانے مجھے بیحد پسند ہیں ،میں انہیں 1991 میں پڑھا ۔ آپ فلموں کی ہدایت کاری بھی کرتے رہے تھے۔ جنت کی تلاش آپ کے قلم سے نکلا ہوا آخری ناول ہے جس نے اپنے زمانے میں بہت مقبولیت حاصل کی۔ آج بھی ناول کی ہیروئن اپنے منفرد رویے کی بنا پہ کئی دلوں کی دھڑکن ہے۔جنت کی تلاش، امتل کی کہانی ہے۔ امتل جسے مصنف نے ایک بےچین روح قرار دیا ہے۔ وہ ایک مضطرب لڑکی ہے جو ہر وقت سوالوں میں گھری رہتی ہے۔ ہر بات کی گہرائی میں جانا اور پھر وہاں سے ایک ایسا سوال نکال لینا جو سامنے والے کو لاجواب کر دے، امتل کے کردار کی بنیادی خوبی تھی۔ ناول کا دیباچہ احمد ندیم قاسمی صاحب نے لکھا ہے جو کسی بھی قسم کے تعارف کے محتاج نہیں۔ آپ نے اس ناول کو اپنے موضوع اور برتاؤ کی بنا پہ ایک منفرد ناول قرار دیا ہے۔ یہ بات کسی حد تک سچ بھی ہے۔ امتل کے کردار کی انفرادیت دراصل ناول کی انفرادیت ہے۔ مصنف نے اپنی زندگی کا نچوڑ اس کردار کی شکل میں پیش کیا ہے جو بیک وقت باریک بین بھی ہے اور ہر بات کی گہرائی میں اترنا بھی جانتا ہے۔ امتل اپنے دور کی ایک جینئس لڑک...